یہ بزدل لوگ ہیں اسی لئے لانگ مارچ اور دھرنوں سے بھاگ رہے ہیں‘ پی ٹی آئی والے دہشت گردوں کی مذمت نہیں کرتے، پی ٹی آئی دہشتگردوں کی منظور نظر ہے
سہیل آفریدی وزیر اعلیٰ کم اور کالعدم جماعت کے کمانڈر زیادہ لگتے ہیں، غیر قانونی مائننگ سے دہشتگردوں کو فنڈنگ کی جاتی ہے:وفاقی وزیراطلاعات کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف کو چلینج کرتے ہوئے کہا ہمت ہے تو آؤ لانگ مارچ کرو، انہوں نے کہا یہ بزدل لوگ ہیں اسی لیے لانگ مارچ اور دھرنوں سے بھاگ رہے ہیں۔اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا پی ٹی آئی والے دہشت گردوں کی مذمت نہیں کرتے، یہ دہشتگردوں کے سہولت کار ہیں، دہشتگردی کے فروغ میں ان کا ہاتھ ہے۔ امن و امان ٹھیک کرنا کے پی کے کی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی تمام سیاسی جماعتوں پر دہشتگردوں نے حملے کیے، پی ٹی آئی دہشتگردوں کی منظور نظر ہے یہ بھی ان کی مذمت نہیں کرتے، دہشتگردوں کی سہولت کاری کرنا پی ٹی آئی کی پالیسی کا حصہ ہے۔عطا تارڑ نے کہا کہ افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کی سہولت کاری خیبر پختونخوا حکومت کرتی ہے، تحریک انصاف ٹی ٹی پی کی بی ٹیم اور ٹی ٹی اے کی سی ٹیم ہے۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا سہیل آفریدی وزیر اعلیٰ کم اور کالعدم جماعت کے کمانڈر زیادہ لگتے ہیں، غیر قانونی مائننگ سے دہشتگردوں کو فنڈنگ کی جاتی ہے۔