لاہور میں 11 سالہ بچہ 8 روز سے لاپتہ، پولیس بازیاب نہ کرا سکی

لاہور میں 11 سالہ بچہ 8 روز سے لاپتہ، پولیس بازیاب نہ کرا سکی

لاہور کے تھانہ نشتر کالونی کے علاقے سے 11 سالہ نور عامر گزشتہ 8 روز سے لاپتہ ہے، تاہم مقدمہ درج ہونے کے باوجود پولیس تاحال بچے کو بازیاب نہیں کرا سکی۔

بچے کی والدہ کے مطابق نور عامر گھر سے دوستوں کے ساتھ کھیلنے کے لیے گیا تھا، لیکن واپس نہیں آیا۔ اہلخانہ نے بچے کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق بچے کے والد عامر ہفتہ بازار میں منیاری کا کام کرتے ہیں۔ والد کا مؤقف ہے کہ پولیس نے بچے کے مبینہ اغوا کا مقدمہ واقعے کے تقریباً 5 روز بعد درج کیا۔عامر کے مطابق انویسٹی گیشن ونگ نے تاحال باقاعدہ تفتیش شروع نہیں کی، جبکہ پولیس اہلکار اہلخانہ سے کبھی ایک رشتہ دار اور کبھی دوسرے سے بچے کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کا کہتے ہیں۔بچے کے والد نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ واقعے کا نوٹس لے کر نور عامر کی فوری بازیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔