لاہور سے اغوا 3 سالہ بچہ راولپنڈی سے بازیاب

لاہور سے اغوا 3 سالہ بچہ راولپنڈی سے بازیاب

لاہور کے  صدر بازار سے اغوا کیے گئے تین سالہ بچے کو پولیس نے کامیاب کارروائی کے بعد راولپنڈی سے بحفاظت بازیاب کروا لیا، جبکہ بچے کی خرید و فروخت اور اغوا میں ملوث تین خواتین کو گرفتار کر لیا گیا۔

 پولیس کے مطابق کمسن بچہ گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اسی دوران دو خواتین اسے بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے گئیں اور موقع سے فرار ہوگئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی لاہور پولیس کے انویسٹی گیشن ونگ نے جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی فوٹیج اور خفیہ معلومات کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔ ملک میں حالیہ مہینوں کے دوران اغوا کے بعد بچوں کی فوری بازیابی کے لیے پولیس کی مشترکہ کارروائیوں میں تیزی دیکھی گئی ہے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل انویسٹی گیشن کے مطابق اغوا کار خواتین بچے کو لاہور سے راولپنڈی لے گئیں جہاں اسے ایک مقامی خاتون کے ہاتھ فروخت کر دیا گیا۔

 پولیس ٹیم نے اطلاع ملنے پر راولپنڈی میں چھاپہ مار کارروائی کی اور بچے کو بحفاظت تحویل میں لے لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار تینوں خواتین سے تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا یہ کوئی منظم بچوں کی اسمگلنگ یا خرید و فروخت کرنے والا گروہ تو نہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ شبہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزمان اس سے قبل بھی ایسے واقعات میں ملوث رہ چکے ہیں۔

پولیس نے بچے کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد والدین کے حوالے کر دیا، جبکہ اہل خانہ نے بچے کی بحفاظت واپسی پر پولیس کا شکریہ ادا کیا۔