لاہور: شہر میں قانون شکن عناصر کے خلاف موبائل اسکواڈ کی کارروائیاں جاری ہیں۔
جناح بس ٹرمینل پر موبائل اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی اور 14 سالہ مغویہ لڑکی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔تفصیلات کے مطابق ایک شخص، جس کی شناخت علی رضا کے نام سے ہوئی ہے، بس ٹرمینل سے کم عمر لڑکی کو زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ لڑکی نے مزاحمت کرتے ہوئے شور مچایا جس پر جناح ٹرمینل پر موجود ناکہ انچارج اور دیگر اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو حراست میں لے لیا۔ترجمان موبائل اسکواڈ کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ لڑکی کو ضلع پاکپتن کی تحصیل عارفوالہ سے اغوا کیا گیا تھا اور ملزم کے خلاف اغوا کا مقدمہ پہلے ہی تھانہ صدر عارفوالہ میں درج ہے۔
واقعے کی اطلاع فوری طور پر تھانہ صدر عارفوالہ کو دے دی گئی۔ بازیاب ہونے والی لڑکی سدرہ اور ملزم علی رضا کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ چوہنگ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق ناکہ انچارج اور جوانوں کی حاضر دماغی اور بروقت اقدام کے باعث لڑکی کو ممکنہ طور پر کسی بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔
پولیس کی بروقت کارروائی پر شہریوں کا اظہار تحسین
شہریوں نے پولیس کی اس بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایسے اقدامات قانون کی عملداری اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔