لاہور میں سی سی ڈی کی کامیاب کارروائی: نارووال سے لاپتہ 14 سالہ علی رضا بازیاب، اشتہاری ملزم بھی گرفتار

لاہور میں سی سی ڈی کی کامیاب کارروائی: نارووال سے لاپتہ 14 سالہ علی رضا بازیاب، اشتہاری ملزم بھی گرفتار

سی سی ڈی (اغواء برائے تاوان سیل) لاہور نے ایک بڑی کارروائی کے دوران نارووال سے لاپتہ ہونے والے 14 سالہ علی رضا کو بازیاب کرا کے بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا۔

متاثرہ بچے کے والدین نے اس کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ تھانہ ظفروال میں درج کروائی تھی، جس پر سی سی ڈی کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے کی تلاش شروع کی۔ بازیابی کے بعد علی رضا نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ:"کچھ افراد مجھ سے  بدفعلی کرنا چاہتے تھے، اسی خوف سے میں گھر سے بھاگ گیا تھا۔"
  علاقہ مکینوں کا احتجاج:
علی رضا کی گمشدگی پر اہل علاقہ اور والدین نے شدید احتجاج کیا تھا، جس کے باعث معاملے کو انتہائی حساس قرار دے کر پولیس نے اغواء یا استحصال کے خدشات کے تحت تفتیش کا دائرہ بڑھا دیا تھا۔

  اشتہاری مجرم بھی گرفتار:
اسی دوران سی سی ڈی نے ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے تھانہ نشتر کالونی میں درج مقدمے میں گزشتہ 3 سال سے روپوش اشتہاری ملزم تابش مسیح کو بھی گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق ملزم تابش مسیح مختلف سنگین جرائم میں مطلوب تھا اور پولیس کو اس کی تلاش تھی۔سی سی ڈی کے حکام کا کہنا تھا کہ:"ہم بچوں کے خلاف جرائم کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں اور ملزمان کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔"
  والدین اور اہل علاقہ کا شکریہ:
بچے کی بازیابی پر والدین اور اہل علاقہ نے سی سی ڈی لاہور اور پولیس کے کردار کو سراہا اور ان کی بروقت کارروائی پر شکریہ ادا کیا۔