اللہ کی مرضی کے بغیر کوئی کسی کو اقتدار نہیں دے سکتا، کام کرنے کے لئے نیت ہونی چاہیے
شہباز شریف کے ترقی کے سفر کو مریم نواز نے راولپنڈی میں آگے بڑھایا ہے:تقریب سے خطاب
راولپنڈی(آئی این پی) سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو سپر سی ایم قرار دیتے ہوئے کہا ہے مخالفین حسد کرنے کے بجائے پہلے ان کے کاموں کا مقابلہ کریں، ورنہ برداشت کریں۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن)کے زیرِ اہتمام راولپنڈی میں سوشل میڈیا یوتھ کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس سے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے خطاب کیا۔انہوں نے کہا مریم نواز نے سوشل میڈیا کا جو پودا لگایا تھا، آج مسلم لیگ ن کا وہ سوشل میڈیا نیٹ ورک بھرپور طریقے سے پھیل چکا ہے‘انہوں نے کہا اللہ کی مرضی کے بغیر کوئی کسی کو اقتدار نہیں دے سکتا، اور کام کرنے کے لیے نیت ہونی چاہیے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ آج عوام کو مفت دوا، اسپتال، اسکولوں، صفائی اور صاف ہوا کی فکر کس کو ہے؟ اگر یہ سب مریم نواز کر رہی ہیں تو پھر ایسی وزیراعلی کو سپر سی ایم کیوں نہ کہیں؟مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے دلچسپ تبصرہ کیا کہ ٹرکوں اور بسوں کے پیچھے لکھی باتوں میں بڑی دانائی ہوتی ہے، جہاں لکھا ہوتا ہے کہ کراس کر یا برداشت کر لہذا مخالفین پہلے مریم نواز کے ترقیاتی کاموں کو کراس کریں ورنہ برداشت کریں۔مریم اورنگزیب نے کہا شہباز شریف کے ترقی کے سفر کو مریم نواز نے راولپنڈی میں آگے بڑھایا ہے، اور وہ دیگر رہنماں کی طرح منصوبے مکمل کر کے ہی تختی لگاتی ہیں