بھارتی صنعتکار سنجے کپور کی بیوہ پریا سچدیو کپور نے دہلی ہائی کورٹ میں اپنے مرحوم شوہر کے اثاثوں کی تفصیلات پیش کرنے کے لیے سخت شرط رکھی ہے۔
پریا نے کہا ہے کہ وہ یہ تفصیلات صرف اس صورت میں عدالت اور دیگر فریقین کے سامنے پیش کریں گی جب انہیں خفیہ لفافے میں رکھا جائے اور تمام فریقین اس تک رسائی سے پہلے سیکیورٹی معاہدے پر دستخط کریں۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ سنجے کپور کی سابقہ اہلیہ کرشمہ کپور کے دونوں بچے سمیرا اور کیان، اور ان کی دادی رانی کپور کو بھی اس معاہدے پر دستخط کرنا ہوں گے۔ پریا کا کہنا ہے کہ یہ شرط سائبر سیکیورٹی اور دیگر حفاظتی خدشات کی وجہ سے ضروری ہے۔یہ قانونی کارروائی اس وقت سامنے آئی ہے جب عدالت نے پریا کو سنجے کپور کے تمام ذاتی اثاثوں کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ سنجے کپور کے انتقال کے بعد ان کی تقریباً 30 ہزار کروڑ روپے مالیت کی جائیداد پر قانونی جنگ جاری ہے۔
کرشمہ کپور کے بچوں نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ سنجے کپور کی پیش کردہ وصیت جعلی ہے اور جائیداد صرف پریا کے نام کی گئی ہے، جبکہ پریا کا کہنا ہے کہ بچوں کو پہلے ہی فیملی ٹرسٹ کے ذریعے 1,900 کروڑ روپے کے اثاثے مل چکے ہیں، لہٰذا ان کے دعوے بے بنیاد ہیں۔پریا سچدیو نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ ان کے شوہر کی وصیت کو درست تسلیم کیا جائے اور ان پر لگائے گئے تمام الزامات خارج کیے جائیں۔ یہ مقدمہ دہلی ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔