ویب ڈیسک: بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر اور معروف بھارتی بزنس مین سنجے کپور دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے، وہ 53 برس کے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے کپور پولو کھیل رہے تھے کہ اس دوران اچانک انہیں دل کا دورہ پڑا۔ فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی موت نے اہل خانہ، دوستوں اور شوبز سے وابستہ شخصیات کو غمزدہ کر دیا ہے۔اداکار، مصنف اور سماجی شخصیت سہیل سیٹھ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ "ایکس" (سابقہ ٹوئٹر) پر سنجے کپور کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا:"سنجے کپور کی وفات کا سن کر گہرا صدمہ ہوا۔ وہ آج برطانیہ میں چل بسے۔ ان کے اہل خانہ اور قریبی دوستوں سے دلی تعزیت۔"دلچسپ اتفاق یہ ہے کہ انتقال سے قبل سنجے کپور کی آخری سوشل میڈیا پوسٹ ایک المناک فضائی حادثے سے متعلق تھی۔ انہوں نے ایئر انڈیا کے احمد آباد حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا:"احمد آباد میں ایئر انڈیا کے المناک حادثے کی خوفناک خبر۔ میری دعائیں تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔"
سنجے کپور اور کرشمہ کپور نے 29 ستمبر 2003 کو ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں شادی کی تھی، جو کرشمہ کے خاندانی گھر کرشنا راج بنگلہ، ممبئی میں منعقد ہوئی۔ دونوں نے ایک دہائی سے زائد وقت ساتھ گزارا۔ 2014 میں باہمی رضامندی سے طلاق کی درخواست دائر کی، اگرچہ 2015 میں انہوں نے رضامندی واپس لینے کے لیے عدالت سے رجوع کیا، تاہم بالآخر 2016 میں ان کا باقاعدہ طلاق ہو گیا۔سنجے کپور کی اچانک موت نے شوبز اور کاروباری حلقوں کو غمزدہ کر دیا ہے، سوشل میڈیا پر ان کے لیے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔