سنجے کپور کی 30 ہزار کروڑ کی جائیداد پر تنازع، کرشمہ کپور کے بچوں نے وصیت جعلی قرار دے دی

سنجے کپور کی 30 ہزار کروڑ کی جائیداد پر تنازع، کرشمہ کپور کے بچوں نے وصیت جعلی قرار دے دی

نئی دہلی: بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر اور معروف صنعتکار سنجے کپور کی حادثاتی موت کے بعد ان کی اربوں روپے مالیت کی جائیداد پر بڑا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے اور کرشمہ کے بچوں، سمیرا اور کیان کپور نے اپنی سوتیلی ماں پریا کپور کی جانب سے پیش کردہ وصیت نامے کو جعلی قرار دیتے ہوئے دہلی ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سنجے کپور کی 30 ہزار کروڑ روپے مالیت کی جائیداد کو پریا کپور کے نام منتقل کرنے والی وصیت جعلی اور ڈیجیٹل طور پر تبدیل شدہ ہے۔ بچوں کے مطابق وصیت میں ایڈریس اور ناموں کی اسپیلنگ کی متعدد غلطیاں موجود ہیں، جو اس کی صداقت پر سوال اٹھاتی ہیں۔درخواست میں پریا کپور، ان کے بیٹے، سنجے کی والدہ رانی کپور اور شردھا سوری مارواہ کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

 یہ وہ افراد ہیں جنہیں 21 مارچ 2025 کو تحریر کردہ وصیت میں ایگزیکیوٹر کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔بچوں کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ وصیت سنجے کپور کے ذہن یا ہاتھ کی لکھی ہوئی نہیں بلکہ ایک شخص نیتن شرما کے کمپیوٹر سے تیار کی گئی، جس کا سنجے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پیش کردہ شواہد کو قابلِ غور قرار دیتے ہوئے وصیت کی اصلیت پر سنگین سوالات اٹھائے اور کیس کی مزید سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔