بھارتی اداکارہ کرشمہ کپور نے اپنے آنجہانی سابق شوہر اور بزنس مین سنجے کپور کو ایک بہتر انسان قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے کپور کی 12 جون 2025ء کو اچانک موت کے بعد ان کا خاندان مسلسل میڈیا کی سرخیوں میں ہے۔ سنجے کپور، جو کہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر تھے، اپنی موت کے بعد نہ صرف ان کے خاندان کو غمگین چھوڑ گئے بلکہ ان کی 30 ہزار کروڑ کی جائیداد پر بھی شدید رسہ کشی شروع ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق جائیداد کے اس جھگڑے میں سنجے کپور کی تیسری بیوی پریا سچدیو، ان کی والدہ رانی کپور، ان کے بچے سمیرا اور کیان اور کرشمہ کپور بھی شامل ہو چکے ہیں۔
ادھر مشہور فلم میکر سنیل درشن نے کرشمہ اور سنجے کی شادی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کرشمہ نے یہ رشتہ جلد بازی میں کیا تھا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ سنجے سے شادی کرنے سے پہلے کرشمہ کپور کی منگنی ابھیشیک بچن سے ہوئی تھی، لیکن منگنی کے ٹوٹنے کے فوراً بعد انہوں نے سنجے کپور سے شادی کرلی۔کرشمہ کپور نے حالیہ گفتگو میں کہا کہ ان سب حالات کے باوجود سنجے کپور ایک بہتر انسان تھے، اور ان کی اچانک موت نے سب کو صدمے میں ڈال دیا ہے۔