کرشمہ کپور کے بچے سنجے کپور کی 30 ہزار کروڑ روپے کی جائیداد کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر گئے

کرشمہ کپور کے بچے سنجے کپور کی 30 ہزار کروڑ روپے کی جائیداد کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر گئے

نئی دہلی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرشمہ کپور کے بچے اپنے آںجہانی والد سنجے کپور کی جائیداد میں حصہ لینے کے لیے عدالت پہنچ گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرشمہ کپور کے بچوں نے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تاکہ انہیں سنجے کپور کی تقریباً 30 ہزار کروڑ بھارتی روپے کی جائیداد میں حصہ مل سکے۔کرشمہ کپور کے بچوں کی جانب سے دائر درخواست میں سنجے کپور کی 21 مارچ کی مبینہ وصیت کو چیلنج کیا گیا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ مرحوم نے اپنی پوری جائیداد اپنی سوتیلی ماں پریا کپور کے نام کر دی تھی۔ دائر درخواست میں بیٹی سمائرا اور بیٹے کیان نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ وصیت جعلی ہے کیونکہ سنجے کپور نے کبھی اس کا ذکر نہیں کیا اور نہ ہی پریا یا کسی اور نے اس بارے میں آگاہ کیا۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ سنجے کپور کی موت کے بعد پریا کپور کا رویہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وصیت غیر قانونی ہے۔ کرشمہ کپور کے بچوں نے اپنے والد کی جائیداد میں پانچواں حصہ مانگا ہے۔

 بیٹی سمائرا نے یہ مقدمہ جنرل پاور آف اٹارنی کے تحت دائر کیا جبکہ بیٹے کیان نابالغ ہونے کے سبب کرشمہ کپور نے قانونی سرپرست کے طور پر اس کی نمائندگی کی۔آج سماعت کے دوران پریا کپور کے وکیل راجیو نیئر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سنجے کپور کے بچوں کو پہلے ہی 1900 کروڑ روپے کے اثاثے مل چکے ہیں اور چونکہ کرشمہ کپور سے طلاق ہو چکی ہے، اس لیے ان کا مزید حصہ نہیں بنتا، لہٰذا مقدمہ برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔واضح رہے کہ سنجے کپور 53 سال کی عمر میں برطانیہ میں پولو میچ کے دوران حادثاتی طور پر انتقال کر گئے تھے۔ کرشمہ کپور نے 2003 میں سنجے کپور سے شادی کی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔ تاہم شادی کے چند سال بعد دونوں کے درمیان تنازعات شروع ہوگئے تھے اور 2015 میں دونوں نے طلاق لے لی تھی۔