بالی ووڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان نے حال ہی میں اپنی ذاتی زندگی کا ایک ایسا کڑوا تجربہ شیئر کیا ہے جو مداحوں کو حیران اور افسردہ کر گیا۔
شو ٹو مچ وِد کاجول اینڈ ٹوئنکل کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے بتایا کہ وہ ساڑھے سات برس تک ایک خطرناک اعصابی مرض ٹرائی جیمینل نیورالجیا (Trigeminal Neuralgia) میں مبتلا رہے، جسے وہ خودکشی پر مجبور کرنے والی بیماری قرار دیتے ہیں۔سلمان خان کے مطابق یہ درد اتنا شدید تھا کہ ہر چار پانچ منٹ بعد حملہ کرتا، ناشتہ کرنے میں ڈیڑھ گھنٹہ لگ جاتا اور ڈنر تک پھر بھوکا رہنا پڑتا۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ معمولی آملیٹ کھانے کے لیے بھی خود کو زبردستی راضی کرنا پڑتا کیونکہ دوائیوں کا کوئی اثر نہیں ہوتا تھا۔
ابتدائی طور پر ڈاکٹروں نے سمجھا کہ مسئلہ دانتوں کا ہے، مگر بعد میں معلوم ہوا کہ اصل مسئلہ اعصاب کا تھا۔ سلمان خان نے پہلی بار یہ جھٹکا 2007ء کی فلم پارٹنر کے سیٹ پر محسوس کیا تھا۔ یہ انکشاف ان کی ذاتی جدوجہد اور اعصابی درد کی شدت کی عکاسی کرتا ہے، جس نے ان کے مداحوں کے لیے ہمدردی اور حیرت پیدا کی ہے۔