اپاسنا سنگھ کا ابتدائی کیریئر کے خوفناک تجربے کا انکشاف

اپاسنا سنگھ کا ابتدائی کیریئر کے خوفناک تجربے کا انکشاف

نامور اداکارہ اپاسنا سنگھ، جو "جڑواں" اور "میں پریم کی دیوانی ہوں" جیسی فلموں اور "کپل شرما شو" میں اپنی اداکاری کے لیے مشہور ہیں، نے اپنے ابتدائی کیریئر کے ایک خوفناک تجربے کا انکشاف کیا ہے۔

اپاسنا نے بتایا کہ ایک جنوبی بھارتی فلم ڈائریکٹر کے رویے نے ان کی زندگی اور کیریئر پر گہرا اثر چھوڑا۔ وہ انیل کپور کے ساتھ ایک فلم میں کام کر رہی تھیں، جب ایک دن جنوبی ہدایتکار نے انہیں رات 11:30 بجے ہوٹل میں ملاقات کے لیے بلایا۔ جب اپاسنا نے یہ درخواست ٹالنے کی کوشش کی، تو ہدایتکار نے طنزیہ انداز میں کہا، "تمہیں بیٹھک کا مطلب نہیں پتا؟" یہ جملہ ان کے لیے انتہائی پریشان کن تھا۔

اگلے دن اپاسنا نے ہدایتکار کے دفتر جا کر ان کے سامنے ان کی سخت سرزنش کی اور پنجابی میں غصے سے بھرپور الفاظ ادا کیے۔ اس واقعے کے بعد، اپاسنا نے ایک ہفتے تک خود کو کمرے میں بند رکھا اور مسلسل روتی رہیں کیونکہ انہیں خوف تھا کہ یہ واقعہ ان کے کیریئر کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

تاہم، انہوں نے اپنی والدہ کی قربانیوں کو یاد کیا اور فیصلہ کیا کہ وہ اس سانحے کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھیں گی۔ اپاسنا نے کہا، "میری ماں نے میرے خوابوں کو حقیقت بنانے کے لیے محنت کی۔ یہ سوچ کر میں نے خود کو سنبھالا اور آگے بڑھنے کا عزم کیا۔"