پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف ہدایتکار اور پروڈیوسر سید نور نے ٹک ٹاکر جنت مرزا کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنے کے تجربے کو ناکام اور “تباہ کن” قرار دیتے ہوئے کھل کر گفتگو کی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو کے وائرل کلپ میں جب ان سے سوال کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر مقبول شخصیات کو ان کی فالوونگ کی بنیاد پر فلموں میں کاسٹ کرنے کا رجحان کتنا مؤثر ہے، تو انہوں نے اپنے سابقہ تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنت مرزا کے ساتھ فلم بنانا ان کے لیے مثبت ثابت نہیں ہوا۔سید نور کے مطابق فلم پر بھرپور محنت کی گئی، تاہم اس کے باوجود مطلوبہ ناظرین سینما گھروں تک نہیں پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر عوام نے یہ سمجھا کہ جنت مرزا پہلے ہی سوشل میڈیا پر مسلسل موجود ہیں، اس لیے انہیں بڑی اسکرین پر دیکھنے کے لیے سینما جانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں فلمی ستاروں کی اپنی ایک مضبوط فین فالوونگ ہوتی تھی جو نئی فلموں کا بے چینی سے انتظار کرتی تھی، مگر اب صورتحال بدل چکی ہے۔ ان کے مطابق آج کے دور میں صرف سوشل میڈیا شہرت کسی فلم کی کامیابی کی ضمانت نہیں بن سکتی۔سید نور نے زور دیا کہ فلم کی کامیابی کے لیے مضبوط اسکرپٹ، اداکاری کی صلاحیت اور سینما کا تجربہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے، نہ کہ صرف آن لائن مقبولیت۔ان کے اس بیان نے ایک بار پھر پاکستانی فلم انڈسٹری میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی کاسٹنگ کے رجحان پر بحث چھیڑ دی ہے۔