ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے معروف سپر اسٹار سلمان خان کے باڈی گارڈ شیرا کے والد، سندر سنگھ جولی، کینسر سے لڑتے ہوئے انتقال کر گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، سلمان خان کے دیرینہ باڈی گارڈ شیرا، جن کا اصل نام گرمیت سنگھ جولی ہے، کے والد گزشتہ روز 88 سال کی عمر میں خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ وہ طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔شیرا نے یہ افسوسناک خبر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "میرے والد، شری سندر سنگھ جولی، آج انتقال کر گئے ہیں۔" انہوں نے بتایا کہ ان کے والد نے چند ماہ قبل ہی اپنی 88 ویں سالگرہ منائی تھی۔یاد رہے کہ شیرا کو اکثر سلمان خان کے ساتھ عوامی تقاریب، شوٹنگز اور نجی محفلوں میں دیکھا جاتا ہے، اور ان کے درمیان بھائی چارہ اور وفاداری کا مضبوط رشتہ ہے۔ ایک انٹرویو میں شیرا نے کہا تھا کہ جب تک وہ زندہ ہیں، سلمان خان کے ساتھ رہیں گے۔یہ خبر بالی ووڈ اور سلمان خان کے مداحوں کے لیے ایک افسوسناک خبر ہے، اور دعا کی جا رہی ہے کہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمایا جائے۔