مقابلے ،5ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

ساندہ میں ملزم اشرف ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بنا ،نشتر کالونی میں ملزم راشد چھڑوانے کیلئے آنیوالوں کی گولی سے ماراگیا
پیپلزکالونی گوجرانوالہ میں محمد علی اور غلام غوث دم توڑ گئے ،چونیاں پٹرول پمپ کے قریب کبڈی پلیئرنصراللہ کا قاتل ہلاک 
لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور ،گوجرانوالہ اور قصور میں سی سی ڈی کیساتھ مختلف مقابلوں میں قومی کبڈی پلیئر نصراللہ عرف ناصر کے قتل میں ملوث ڈاکو سمیت 5ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلا ک ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں 2 مقابلوں کے دوران ایک زیرحراست ملزم سمیت دو ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر مارے گئے۔ اے وی ایل ایس اقبال ٹائون نے ساندہ میں ملزم اشرف کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا جسے اس کے ساتھی چند روز قبل پولیس سے چھڑ اکر لے گئے تھے ،فائرنگ کے تبادلے میں اشرف اپنے ساتھیوں کی گولی کا شکار ہوگیاجبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا۔ نشتر کالونی میں سی سی ڈی ماڈل ٹائون کے اہلکار ملزم راشد کو ریکوری کیلئے لے جارہے تھے کہ اس کے ساتھیوں نے اسے چھڑوانے کیلئے فائرنگ کر دی اوران کی گولیاں ملزم راشدکوجالگیں ،دونوں مقابلو ں میں حملہ آور فرار ہوگئے۔گوجرانوالہ میں مرنے والے 2ڈاکو اجرتی قاتل بھی تھے۔تھانہ پیپلز کالونی کے علاقہ میں سی سی ڈی اہلکاروں نے مشکوک موٹر سائیکل سوار2 افراد کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ملزموں نے رکنے کی بجائے سی سی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کردی ،فائرنگ کے تبادلے کے بعد محمد علی اور غلام غوث کی لاشیں ملیں،دونوں نے چند روز شاہد اقبال نامی شہری کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کردیا تھا،ان کیخلاف درجنوں مقدمات درج تھے۔ سی سی ڈی پولیس قصور چند روز قبل دورانِ ڈکیتی کبڈی کے کھلاڑی نصراللہ کو قتل کرنے والے ملزم گہلن ہٹھاڑ کے عامر کو برآمدگی کیلئے لے کر جارہی تھی کہ چونیاں پٹرول پمپ کے قریب اْس کے ساتھیوں نے سفیدے کے درختوں سے روڈ کو بلاک کررکھاتھااور وہاں فائرنگ کردی ، فائرنگ کے تبادلے میں عامر کو ساتھیوں کی گولی لگ گئی ،ملزم نصراللہ عرف مہر ناصرا ور یونس جٹ کے قتل کا اعتراف کرچکاتھا۔