شادباغ میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے والا اشتہاری مارا گیا ، شفیق آباد سے 70وارداتوں میں ملوث ملزم پکڑا گیا
فیصل آباد میں زمین کیلئے بھائی اور بھابھی کو قتل کرنے کا ملزم عابد مارا گیا ،گوجرانوالہ میں کاشف، عاشق، اویس مارے گئے
لاہور ( کرائم رپورٹر )پنجاب کے مختلف شہروں میں مبینہ مقابلے، 4ملزم ہلاک،4کو زخمی حالت میں گرفتارکر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پولیس آپریشنز ونگ نے شادباغ اور شفیق آباد کے علاقوں میں ڈکیتی کی دو بڑی وارداتیں ناکام بناتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں کیں۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق شادباغ میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے والا ایک اشتہاری ملزم مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا، جبکہ شفیق آباد میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ۔ بتایا گیا ہے کہ شفیق آباد پولیس نے 15 پر کال موصول کی کہ شہریوں سے لوٹ مار میں ملوث 3 موٹر سائیکل سوار ملزمان واردات کے بعد پنڈی روڈ کی جانب فرار ہوگئے ہیں، شفیق آباد پولیس کے تعاقب کرنے پرملزموں نے فائرنگ کر دی،پولیس نے جوابی کارروائی کی۔اس دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔گرفتار زخمی ملزم کی شناخت شعبان کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ملزم ڈکیتی، چوری، گینگ وار سمیت 70 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے،پولیس نے زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کر کیمزید تفتیش شروع کر دی۔فیصل آباد کے تھانہ ٹھیکریوالا کے علاقے میں 5 ایکڑ اراضی کے تنازع پر اپنے حقیقی بھائی اور بھاوج کو قتل کرنے والا ملزم عابد مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا ہے۔ گوجرانوالہ میں 5 مبینہ مقابلے ہوئے۔ترجمان ضلعی پولیس گوجرانوالہ کے مطابق تھانہ گرجاکھ پولیس سے مقابلہ میں راہزنی کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ، منشیات فروش ملزم کاشف عرف منا اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ، ہلاک ملزم کے 3 ساتھیوں نے اسے حراست سے چھڑوالیا تھا تاہم بعدازاں مقابلے میں مارا گیا۔ اسی طرح تھانہ سٹی کامونکی پولیس سے مقابلہ میں منشیات کے مقدمات میں مطلوب ملزم عاشق بھی مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ تھانہ تتلے عالی پولیس سے مبینہ مقابلہ کے دوران ڈکیتی کے مقدمہ میں مطلوب ملزم اویس مارا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔ دوسری طرف تھانہ کوٹ لدھا پولیس حراست سے چھڑائے جانیوالے ریکارڈ یافتہ ملزمان علی ارسلان اور علی حسن کو مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ تھانہ اروپ پولیس کی حراست سے فرار کی کوشش کے دوران بھی اقدام قتل اور خواتین سے نازیبا حرکات کے مقدمہ کا ملزم عمیر عرف عمیری مبینہ مقابلہ میں زخمی ہو گیا ،اسے گرفتار کر لیا گیا ۔سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈویڑنل ایس پیز سے رپورٹ طلب کر لی۔