ڈیفنس میں ماجد ، باٹاپور میں عمران اور شاہنوازساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بنے ، ونڈالہ ناصر کے قریب اصغر اورایک نامعلوم ساتھی ہلاک
لاہور ( کرائم رپورٹر)لاہور اورشیخوپورہ میں سی سی ڈی پولیس کے ساتھ 3مبینہ مقابلوں کے دوران 5 ریکارڈ یافتہ ملزم ہلاک ہوگئے ۔ پہلا مقابلہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے)کے قریب ہواجہاں ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت ماجد حسین کے نام سے ہوئی۔ دوسرا واقعہ باٹاپور کے علاقے میں ہوا جہاں دو ملزم عمران اور شاہنواز مارے گئے۔ ملزموں کو نشاندہی کیلئے لے جایا جا رہا تھا کہ اسی دوران ان کے ساتھیوں نے انہیں چھڑانے کی کوشش میں فائرنگ کر دی اورجوابی کارروائی میں تینوں ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ ضلع شیخوپورہ میں کوٹ پنڈی داس روڈ بلمقابل ونڈالہ ناصر کے قریب ملزموں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی ،فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے موقع پر ہلاک ہو گئے۔جن میں ایک کی شناخت اصغر سکنہ فیصل آباد کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرے ملزم کی شناخت تاحال نہ ہو سکی۔