ڈولفن سکواڈ نے موبائل سنیچر دھر لیا

لاہور(کرائم رپورٹر) ڈولفن سکواڈ نے آزادی فلائی اوور پر موبائل سنیچنگ کی واردات کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق گرفتار ملزم آصف نے خاتون سے موبائل چھینا تھا۔ سکواڈ نے کنٹرول روم پر ملزم کی پہچان کے بعد تعاقب کیا اور موقع پر ہی اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے چھینا گیا موبائل بھی برآمد کر لیا گیا۔ ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے مسلسل متحرک ہے۔ شہریوں نے ڈولفن سکواڈ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ بروقت کارروائی سے جرائم میں کمی آئے گی۔ پولیس نے مزید کہا کہ شہری کسی بھی سٹریٹ کرائم کی اطلاع فوری طور پر ڈولفن کنٹرول روم کو دیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔