ڈولفن سکواڈ نے سیریل سنیچر مبینہ ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کر لیا

خواتین سے سنیچنگ میں ملوث ریکارڈ یافتہ ملزم گرفتار، موبائل فونز اور پرس برآمد کر لیے گئے
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈولفن سکواڈ نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف مارکیٹوں اور بازاروں میں خواتین سے سنیچنگ کی سیریل وارداتوں میں ملوث مبینہ ماسٹر مائنڈ حسن علی کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق پولیس ریسپانس یونٹ نے دورانِ پٹرولنگ گجر پورہ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے ایک لیڈیز پرس اور 6 موبائل فونز برآمد ہوئے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا، جبکہ وہ ریکارڈ یافتہ ہے اور اس کے خلاف درجن سے زائد سنگین جرائم کے مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے ملزم کو برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ گجر پورہ کے حوالے کر دیا ہے۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھے ہوئے ہے۔