سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ ،ملزم حوالات بند

لاہور(کرائم رپورٹر) گڑھی شاہو میں سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش اور سرعام ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم کو پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کے مطابق گڑھی شاہو پولیس نے پٹرولنگ ٹیم کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم داؤد کو گڑھی شاہو چوک کے قریب سٹاپ اینڈ سرچ آپریشن کے دوران حراست میں لیا۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پسٹل اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق ملزم کی سوشل میڈیا پر اسلحہ لہرانے اور ہوائی فائرنگ کرنے کی متعدد ویڈیوز وائرل ہو چکی تھیں، جن کی روشنی میں اس پر کڑی نظر رکھی گئی اور بروقت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اْسے انویسٹیگیشن وِنگ کے حوالے کر دیا ہے۔ اس موقع پر ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ شہریوں کے جان و مال کے لیے سنگین خطرہ ہے، اس سلسلے میں بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔