دبئی: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ٹی 20 ایشیا کپ کے فائنل سے قبل کھلاڑیوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلادیش کو شکست دینے کے بعد پریس کانفرنس میں ہیسن نے کہا کہ کھلاڑیوں کو صرف کھیل پر توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔ہیسن نے تسلیم کیا کہ بھارت کے خلاف پہلے میچ میں کارکردگی کمزور تھی، لیکن دوسرے میچ میں ٹیم نے بہتر فائٹ دکھائی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ دباؤ والے میچز میں جذبہ آنا فطری ہے، مگر توانائی کھیل پر مرکوز رکھنا اصل آزمائش ہے۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹیم نے مسلسل کامیابیوں کے بعد اعتماد حاصل کیا ہے اور کھلاڑی اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔واضح رہے کہ بھارت اب تک 8 بار ایشیا کپ جیت چکا ہے، جبکہ پاکستان صرف 2 بار جیت سکا ہے اور آخری بار 2012ء میں چیمپئن بنا تھا۔ اس بار پاکستان اور بھارت پہلی بار فائنل کھیلیں گے، جو اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔