نئے کھلاڑیوں نے سری لنکا کے خلاف میچ ونرز والی کارکردگی دکھائی، مائیک ہیسن

نئے کھلاڑیوں نے سری لنکا کے خلاف میچ ونرز والی کارکردگی دکھائی، مائیک ہیسن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجربہ کار سری لنکن ٹیم کے خلاف نئے کھلاڑیوں کو اچھی کارکردگی دکھاتے دیکھ کر خوشی ہوئی۔

 نوجوان کرکٹرز نے سیریز میں میچ ونرز کا کردار ادا کیا، جبکہ سینئر کھلاڑیوں نے بھی ان کی تربیت اور صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا۔پی سی بی پوڈ کاسٹ ’اسٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ ٹیم کے نئے کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور مشکل حالات میں ذمہ داری کے ساتھ کھیل پیش کیا۔ سینئر کھلاڑیوں کی جانب سے نوجوان کرکٹرز کی ڈیویلپمنٹ میں تعاون بھی خوش آئند ہے۔

ہوم سیریز میں بھی غیر ملکی کنڈیشنز کے مطابق وکٹیں تیار کریں گے
مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آنے والی ہوم سیریز میں بھی ایسی وکٹوں پر کھیلنے کی کوشش کی جائے گی جو غیر ملکی کنڈیشنز کی تیاری میں مددگار ثابت ہوں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں عموماً سیم اور سوئنگ والی وکٹیں ملتی ہیں، اس لیے پاکستانی کھلاڑیوں کو ایسی کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ بیرون ملک بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔

ثاقب خان کی غیر موجودگی میں بولرز کی کارکردگی قابلِ تعریف
ہیڈ کوچ نے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ثاقب خان کی کمی محسوس ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے ٹیسٹ بولنگ اٹیک میں ایک بہترین اضافہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ثاقب خان کی عدم موجودگی کے باوجود دیگر بولرز نے سری لنکا کو دوسری اننگز میں آل آؤٹ کیا، جس پر انہیں اپنے بولرز پر فخر ہے۔مائیک ہیسن نے پاکستانی بولنگ اٹیک کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ رضااللہ کی رفتار، عامر جمال کی سیم موومنٹ، عباس کی درست لائن و لینتھ اور ثاقب خان کی سوئنگ مل کر ایک مضبوط بولنگ اٹیک تشکیل دیتے ہیں۔نوجوان بیٹرز نے نئی گیند کا اچھے انداز میں سامنا کیاپاکستانی ہیڈ کوچ نے بیٹنگ کے شعبے میں بھی نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ میں ٹاس ہارنے کے بعد جب پاکستان کو بیٹنگ کا موقع ملا تو طیب عارف اور طحہٰ نے نئی گیند کا بہت اچھے انداز میں سامنا کیا۔

انہوں نے دوسرے ٹیسٹ میں اذان اویس کی بیٹنگ کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور اپنی صلاحیتوں کا ثبوت دیا۔مائیک ہیسن نے سلمان علی آغا کو ٹیم کا اہم کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ محمد سلیمان، سعد بیگ، سمیر منہاس اور علی شبیر بھی باصلاحیت نوجوان کرکٹرز ہیں۔

علی شبیر تیز رفتار بولر، ریورس سوئنگ کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں
ہیڈ کوچ نے نوجوان فاسٹ بولر علی شبیر کی صلاحیتوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اچھی رفتار سے بولنگ کرتے ہیں اور ریورس سوئنگ بھی کروا سکتے ہیں، جو ٹیم کے لیے ایک اہم خوبی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اس وقت ٹیسٹ کرکٹ کے لیے کئی اچھے آپشنز موجود ہیں۔ ضرورت پڑنے پر ابرار احمد اور علی عثمان کو بھی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔مائیک ہیسن نے اسپنر ساجد خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی ایک اچھے بولر ہیں اور بالخصوص بائیں ہاتھ کے بیٹرز کے خلاف مؤثر بولنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔