مائیک ہیسن کی کوچنگ کے شرائط سامنے آ گئیں، ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں تبدیلی کا امکان کم

مائیک ہیسن کی کوچنگ کے شرائط سامنے آ گئیں، ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں تبدیلی کا امکان کم

قومی کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال فارمیٹ کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی کوچنگ سنبھالنے سے پہلے رکھی گئی شرائط سامنے آ گئی ہیں۔

سینئر اسپورٹس تجزیہ کار عبدالماجد بھٹی کے مطابق، مائیک ہیسن نے پی سی بی کے سامنے یہ شرط رکھی تھی کہ وہ اپنی شرائط پر کام کریں گے۔ ہیسن کا کہنا تھا کہ وہ ہر ایک یا دو سیریز کے بعد کھلاڑیوں کو تبدیل کرنے پر یقین نہیں رکھتے اور کپتان و ٹیم مینجمنٹ ان کی مرضی کے مطابق ہوگی۔مزید برآں، ہیسن نے شرط رکھی تھی کہ آئندہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک کپتانی اور ٹیم کمبی نیشن میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی حامی بھر لی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر سلمان علی آغا کو کپتانی سے ہٹانے اور بابر اعظم و محمد رضوان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ تاہم، سینئر تجزیہ کار عبدالماجد بھٹی نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکشن کمیٹی، ہیڈ کوچ اور کپتان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک ٹیم کمبی نیشن میں کوئی تبدیلی نہیں کرنا چاہتے۔