چودھری ظہور الٰہی کی عوامی خدمت اور رواداری کی سیاست کو چودھری شجاعت نے کامیابی سے آگے بڑھایا ، ہم انہیں کی شرافت کی سیاست کو لے کر چل رہے ہیں
پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین کی قیادت میں گجرات کو ترقی کے لحاظ سے پنجاب کا ماڈل شہر بنائیں گے :چودھری شافع حسین
گجرات(پبلک نیوز)ظہور پیلس گجرات میں چودھری ظہور الٰہی شہید کی سالانہ برسی کی تقریب منعقد ہوئی‘پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری وصوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین ،اراکین اسمبلی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افرادنے شرکت کی‘ ظہور الٰہی شہید کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور خصوصی دعا کی گئی‘شرکاء نے چوہدری ظہور الٰہی شہید کی سماجی وسیاسی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر چودھری شافع حسین نے کہا چودھری ظہور الٰہی شہید نے عوامی خدمت ،جمہوری جدو جہد اور اصولی سیاست میں منفرد مقام حاصل کیا، شہید نے اپنی سیاسی جد وجہد کے دوران خندہ پیشانی سے سختیاں برداشت کیں۔چودھری ظہور الٰہی کی عوامی خدمت اور رواداری کی سیاست کو پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کامیابی سے آگے بڑھایا۔ہم انہیں کی شرافت ، ایمانداری اور رواداری کی سیاست کو آگے بڑھا رہے ہیں‘عوام کی خدمت کا جذبہ ہمارے خون میں شامل ہے ‘گجرات شہر کی ترقی اور عوام کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ‘گجرات میں اربوں روپے کی لاگت سے عالمی معیار کا سیوریج سسٹم لایا جارہا ہے ‘چودھری شجاعت حسین کی قیادت میں گجرات کو ترقی کے لحاظ سے ماڈل شہر بنائیں گے ،صوبائی وزیر نے چوہدری ظہور الٰہی شہید کی قبر پر بھی حاضری دی ‘شہید کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اور قبر پر پھول نچھاور کئے۔