لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس کی جانب سے شہداء پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق شہید کنسٹیبل سید عادل حسین کی برسی کے موقع پر پولیس گارڈ نے شہید کی قبر پر حاضری دی۔ لاہور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قبر پر سلامی پیش کی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس موقع پر شہید کے اہل خانہ بھی شریک تھے۔ کنسٹیبل سید عادل حسین 31 اگست 2021 کو تھانہ مانگا منڈی میں تعینات تھے۔ دوران پٹرولنگ پولیس ایمرجنسی 15 پر ڈکیتی کی اطلاع پر کارروائی کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہو گئے۔ ایس پی ہیڈ کوارٹر منزہ کرامت نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء محکمہ پولیس کا مان ہیں۔ پولیس فورس قیامِ امن میں مثالی کردار ادا کر رہی ہے۔ شہداء کے ورثا کی فلاح و بہبود کیلئے گھروں کی فراہمی، بچوں کیلئے سکالرشپس اور ملازمتوں سمیت تمام ممکنہ اقدامات جاری ہیں۔ محکمہ پولیس زندگی کے ہر موقع پر شہداء کے لواحقین کے شانہ بشانہ موجود ہے۔