یوم شہداء پر پولیس کی قرآن خوانی، شہید ایس پی کی قبر پر حاضری

 لاہور (کرائم رپورٹر) ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں یوم شہداء پولیس کا آغاز پولیس لائن مسجد میں قرآن خوانی سے ہوا۔ پولیس افسران و جوانوں نے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی اور دعائیں مانگیں۔ قرآن خوانی کے بعد ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔ فرض کی راہ پر جان قربان کرنے والوں کو لاہور پولیس کا سلام۔ پولیس لائنز سے سلامی گارڈ میانی صاحب میں دفن شہید ایس پی عبدالصمد کی قبر پر پہنچی، جہاں لاہور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ 14 جولائی 1999 کو اغواء کاروں نے تاوان کیلئے مسافروں سے بھری بس اغواء کی تھی۔ شہید ایس پی عبدالصمد نے جرات و بہادری سے تعاقب کیا اور شہریوں کی بازیابی کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہو گئے۔ ایس پی ہیڈ کوارٹر منزہ کرامت کے مطابق یوم شہداء پولیس دراصل تجدید عہد کا دن ہے۔ فخر ہے کہ ایسی فورس کا حصہ ہوں جس نے ملک و قوم کیلئے قربانیاں دیں۔ شہداء پولیس قوم و ملت کی سلامتی کی روشن مثالیں ہیں، ان کی قربانیاں اور خدمات مشعل راہ ہیں۔