کربلا کا پیغام پوری انسانیت کیلئے رہنمائی ‘ امام حسینؓ کی عظیم قربانی حق، عدل اور استقامت کی ابدی علامت ہے:صدر مملکت کی گفتگو
کربلا (آن لائن) صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے کربلا میں روضہ حضرت امام حسینؑ اور حضرت عباس بن علی پر حاضری دی، جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور نوافل ادا کیے۔ یہ حاضری امتِ مسلمہ کے روحانی ورثے سے وابستگی اور عظیم اسلامی اقدار کے احترام کی علامت قرار دی جا رہی ہے۔اس موقع پر گورنر کربلا ڈاکٹر نصیف جاسم الخطابی بھی صدرِ مملکت کے ہمراہ تھے۔ صدر آصف علی زرداری نے روضہ حضرت امام حسینؓ پر گفتگو کرتے ہوئے حضرت امام حسین کی عظیم قربانی کو حق، عدل اور استقامت کی ابدی علامت قرار دیا اور کہا کہ کربلا کا پیغام پوری انسانیت کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ صدرِ مملکت نے امتِ مسلمہ کے امن، اتحاد اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی اور اس بات پر زور دیا کہ حضرت امام حسینؑ کی تعلیمات ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کا پیغام ہر دور میں حق اور انصاف کے قیام کے لیے مشعلِ راہ ہے۔دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری نے روضہ حضرت عباس بن علی پر بھی حاضری دی اور وہاں بھی فاتحہ خوانی و نوافل ادا کیے۔