اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی اور پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن آج ملاقات کریں گے، جس میں ایندھن کی قیمتوں سے متعلق اہم پیش رفت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی یہ ملاقات آج سہ پہر منعقد ہوگی، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن اپنے وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ جماعت اسلامی کے وفد میں نائب امیر لیاقت بلوچ اور پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر کام کرنے والی ٹیم کے ارکان بھی شامل ہوں گے۔
ملاقات میں اہم حکومتی شخصیات کی شرکت
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور کابینہ کے دیگر ارکان بھی ملاقات میں شریک ہوں گے۔ملاقات کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور اس کے عوام پر پڑنے والے مالی اثرات کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ قیمتوں میں مزید کمی کے امکانات پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
پیٹرولیم قیمتوں میں پہلے بھی کمی ہوچکی ہے
واضح رہے کہ جماعت اسلامی اور وفاقی حکومت کے درمیان مذاکرات کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، جس سے صارفین کو ریلیف ملا ہے۔دستیاب معلومات کے مطابق ملک میں اس وقت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 314 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 348 روپے ہے۔