لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے لاہور میں اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاندانوں، وراثت اور وصیت پر چلنے والے کبھی کوئی بڑا انقلاب نہیں لاسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی کا مطلب یہ نہیں کہ صرف جاگیردار نظام ختم ہوگا، بلکہ نیا نظام اللہ کی مرضی کے مطابق ہوگا۔حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ جدوجہد کبھی غیر منظم نہیں ہوتی، جماعت گلی گلی، محلے محلے جا کر عوام میں نظام کا شعور پیدا کرے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ جماعت اسلامی میں قیادت اور کارکن کے درمیان کوئی فاصلہ نہیں، اور یہ جماعت مڈل کلاس کی نمائندہ جماعت ہے جس میں غریب، امیر، مزدور اور کسان سب شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان چاہتے ہیں کہ حالات بدلیں اور حقیقی انقلاب کے لیے سیاسی کارکنوں کی عزت اور اختلاف کی قدر کی جانی چاہیے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے سب کو دعوت دی کہ وہ جماعت اسلامی کے ساتھ چلیں تاکہ ایک منظم اور مستحکم انقلاب ممکن ہو سکے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جماعت کے بزرگوں نے زبردست جدوجہد کے ذریعے آئینی فریم ورک طے کیا اور اس کی حفاظت آج بھی جماعت کی اولین ترجیح ہے۔