لاہور:نامور مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر عبدالکریم نائیک نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر میں ہوئی، جہاں ڈاکٹر ذاکر نائیک کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کی منصورہ آمد
ڈاکٹر ذاکر نائیک، جو گزشتہ برس اکتوبر میں دورہ پاکستان کے دوران سیکیورٹی مسائل کے باعث منصورہ نہ آسکے تھے، منگل کی صبح لاہور ایئرپورٹ پہنچے، جہاں سے وہ سیدھا منصورہ گئے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے ان کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔
جماعت اسلامی کی خدمات پر بریفنگ
حافظ نعیم الرحمٰن نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کو جماعت اسلامی کی دینی خدمات، تعلیمی سرگرمیوں، فلاحی کاموں، اور تحقیقی منصوبوں سے آگاہ کیا اور انہیں مختلف شعبوں کا دورہ بھی کرایا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اتحاد امت کی داعی ہے اور اسلام کے آفاقی اصولوں، اخوت، امن، بھائی چارہ اور احترام انسانیت کی علمبردار ہے۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کی تعلیم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ پاکستان میں ترقی، امن، اور خوشحالی کے خواب کو حقیقت بنایا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جماعت اسلامی کی فلاحی تنظیمیں معاشرے میں مستحق افراد کی بلا تفریق مدد کر رہی ہیں۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کا بیان
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ وہ بہت عرصے سے جماعت اسلامی کے ہیڈ آفس منصورہ آنے کے خواہشمند تھے، مگر پچھلے دورے کے دوران سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر نہیں آسکے تھے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کی خدمات کو سراہتے ہوئے مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امت مسلمہ اور بالخصوص نوجوان نسل کو تعلیم، تحقیق اور علم کے میدان میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت کے مسائل کا حل قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونے میں ہے اور ہمیں اتحاد اور اخوت کا دامن تھامنا ہوگا۔یہ ملاقات دونوں شخصیات کے درمیان دینی و تعلیمی امور پر تبادلہ خیال کے حوالے سے انتہائی اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہے۔