واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشی گن سے نومنتخب ڈیموکریٹ سینیٹر عبدالالسید سے یونیورسل ہیلتھ کیئر کے منصوبے پر بات چیت کے لیے ملاقات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انتخابی مہم کے دوران ایک دوسرے پر سخت تنقید کرنے والے دونوں رہنماؤں کے درمیان ممکنہ ملاقات کو صحت عامہ کے شعبے میں تعاون کی نئی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کو وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ عبدالالسید سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے ڈیموکریٹ رہنما کی جانب سے میڈیکیئر فار آل منصوبے کو اپنے نام سے منسوب کرکے ’ٹرمپ کیئر‘ کہنے کی تجویز کو سراہا اور انہیں ذہین شخص قرار دیا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ صحت عامہ کے نظام میں اصلاحات کے معاملے پر دونوں فریق کسی درمیانی راستے پر پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس میں ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے امکانات دیکھ رہے ہیں اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں بھی مشترکہ اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔ تاہم صدر نے ملاقات کی کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی۔
عبدالسید کی ’ٹرمپ کیئر‘ تجویز کیا ہے؟
عبدالسید نے اپنی انتخابی مہم کے دوران یونیورسل ہیلتھ کیئر اور میڈیکیئر فار آل کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا تھا۔ ان کی تجویز ہے کہ امریکا کے تمام شہریوں کو زندگی بھر طبی سہولیات کی ضمانت دینے والے منصوبے کو صدر ٹرمپ کے نام سے ’ٹرمپ کیئر‘ کہا جائے۔رواں ماہ عبدالالسید نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سونے کے رنگ کے ’ٹرمپ کیئر‘ ہیلتھ کارڈ کا تصوراتی ڈیزائن شیئر کیا تھا۔ اس کے ساتھ انہوں نے صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر امریکی شہری کو پیدائش سے لے کر زندگی کے آخری مرحلے تک صحت کی سہولیات کی ضمانت دی جائے۔صدر ٹرمپ نے بعد ازاں یہ پوسٹ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بھی شیئر کی، جسے عبدالالسید کی تجویز میں ان کی دلچسپی کے طور پر دیکھا گیا۔
انتخابی مہم میں سخت تنقید، اب تعاون کا امکان
انتخابی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ اور عبدالالسید کے درمیان سخت سیاسی اختلافات رہے۔ ٹرمپ نے اپنی مہم میں عبدالالسید کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ مشی گن سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ رہنما بھی ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں اور بیانات کے ناقد رہے۔عبدالسید نے اپنی انتخابی مہم میں امریکا کے مہنگے اور پیچیدہ نجی طبی نظام میں اصلاحات، عام شہریوں کے لیے علاج تک رسائی آسان بنانے اور سیاست میں دولت کے اثر و رسوخ کو کم کرنے کے وعدے کیے تھے۔42 سالہ عبدالالسید نومبر 2026 کے وسط مدتی انتخابات میں مشی گن سے امریکی سینیٹ کے لیے منتخب ہوئے ہیں اور عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ امریکی سینیٹ کے پہلے مسلمان رکن بنیں گے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے انتخابی وعدوں پر پیش رفت کے لیے صدر سمیت کسی بھی سیاسی رہنما کے ساتھ بات چیت کرنے کو تیار ہیں۔