جاپان کے شہر فوکوشیما میں ایک ریچھ کی جانب سے 4 افراد کو زخمی کرنے کے بعد فرار ہونے کا انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد سیکیورٹی ادارے اور شکاری کئی دن گزرنے کے باوجود اسے پکڑنے میں ناکام رہے ہیں۔
جاپانی میڈیا کے مطابق واقعہ منگل کے روز پیش آیا جب ریچھ نے دو فیکٹریوں میں گھس کر 4 افراد پر حملہ کیا اور انہیں زخمی کر دیا۔ حملے کے بعد یہ ریچھ ایک قریبی عمارت کے اندر چھپ گیا تھا۔حکام نے ریچھ کو پکڑنے کے لیے فوری طور پر شکاریوں، جالوں اور بے ہوش کرنے والی ادویات کا استعمال کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم تمام کوششوں کے باوجود وہ وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔رپورٹس کے مطابق آج جمعے تک بھی ریچھ کو گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس کی صورتحال برقرار ہے۔فوکوشیما کے میئر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریچھ نے بھاگنے کے لیے ممکنہ طور پر خود کھڑکی کھولی، کیونکہ جائے وقوعہ کے قریب پنجوں کے واضح نشانات پائے گئے ہیں۔
انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امکان ہے کہ ریچھ نے پانی پینے کے لیے نل بھی خود کھولا، جس سے اس کی غیر معمولی ذہانت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔میئر کے مطابق پولیس، شکاریوں اور فائر بریگیڈ نے مشترکہ طور پر تمام دستیاب وسائل استعمال کیے، لیکن اس کے باوجود ریچھ کو قابو میں نہیں لایا جا سکا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان میں گزشتہ سال ریچھوں کے حملوں میں 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جس کے بعد ایسے واقعات کو انتہائی سنجیدہ سیکیورٹی چیلنج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔