کم عمر ڈرائیور کی گاڑی، موٹرسائیکل بند

 کم عمر ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ والدین کو شورٹی بانڈ جمع کروانے ہونگے، رواں سال 23 ہزار 440 چالان
لاہور (کرائم رپورٹر) کم عمر ڈرائیورز کے خلاف سی ٹی او لاہور نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔ کم عمر ڈرائیورز کی گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور رکشے بند کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہر بھر میں خصوصی ناکہ بندی اور سخت چیکنگ کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ کم عمر ڈرائیور کی گاڑی والدین کی جانب سے شورٹی بانڈ جمع کروانے پر ہی چھوڑی جائے گی۔ کم عمر ڈرائیور اور گاڑی کے مالک کو بھاری جرمانہ کیا جائے گا۔ 18 سال سے کم عمر ڈرائیور پکڑے جانے پر گاڑی یا موٹر سائیکل تھانے میں بند کر دی جائے گی، جبکہ دوبارہ خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔ رواں سال لاہور ٹریفک پولیس نے 23 ہزار 440 کم عمر ڈرائیورز کو چالان ٹکٹس جاری کیے، جبکہ 16 سے 18 سال کے 12 ہزار 219 نوجوانوں کو موٹر سائیکل کے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے گئے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ والدین اپنے کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل ہرگز نہ دیں اور ان کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں، بغیر لائسنس اور غیر قانونی ڈرائیونگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی