پنجاب میں 1420 حادثات، 707 شدید زخمی،، ملتان دوسر ینمبر پر رہا
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں ٹریفک حادثات کی 1420 ایمرجنسیز پر ریسپانڈ کیا، جن میں 707 افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 913 معمولی زخمیوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوا۔ ان حادثات میں 80 فیصد تعداد موٹر سائیکلوں کے حادثات کی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح میں کمی کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے اور لائن و لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھا جائے۔ ایمرجنسی اعدادوشمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے تحت ان حادثات میں 981 ڈرائیور، 70 کم عمر ڈرائیور، 483 مسافر اور 173 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعدادوشمار کے مطابق لاہور کنٹرول روم میں ٹریفک حادثات کی 240 کالز موصول ہوئیں، جبکہ صوبائی دارالحکومت 281 متاثرین کے ساتھ پہلے، ملتان 88 حادثات اور 87 متاثرین کے ساتھ دوسرے اور فیصل آباد 81 حادثات اور 93 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ واضح رہے کہ ٹریفک حادثات کے مجموعی 1637 متاثرین میں 1318 مرد اور 319 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والوں میں 254 افراد کی عمریں 18 سال سے کم، 981 کی عمریں 18 سے 40 سال کے درمیان اور 492 افراد کی عمریں 40 سال سے زائد ہیں۔ ان ٹریفک حادثات میں 1533 موٹر سائیکلیں، 98 آٹورکشے، 179 کاریں، 33 وینز، 15 مسافر بسیں، 41 ٹرک اور 59 دیگر اقسام کی گاڑیاں شامل تھیں۔