اے کیٹیگری اشتہاری مجرم ڈولفن سکواڈ کے ہاتھوں گرفتار

 لاہور (کرائم رپورٹر) قصور پولیس کو قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم وحید عرف وحیدی ڈولفن سکواڈ کے ہتھے چڑھ گیا۔ ڈولفن سکواڈ نے مانگا بائی پاس پر مشکوک جانتے ہوئے ملزم کو چیک کیا تو کریمنل ریکارڈ کے مطابق وہ اے کیٹیگری کا اشتہاری نکلا۔ ملزم نے چھ ماہ قبل قصور میں ایک خاتون اور اس کے دو بیٹوں کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں زخمی ہونے والا 20 سالہ امان علی بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔ سنگین واردات کے بعد ملزم روپوش ہو گیا تھا، جبکہ وہ قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں کے مقدمات میں قصور اور پاکپتن پولیس کو بھی مطلوب تھا۔ گرفتار ملزم وحید عرف وحیدی کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ مانگا منڈی کے حوالے کر دیا گیا ہے اور متعلقہ پولیس ونگ کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد کا کہنا ہے کہ ڈولفن سکواڈ ای پولیس ایپ کی مدد سے بین الاضلاعی ملزمان کو بھی گرفتار کر رہا ہے۔