پرویز الہی سٹیک ہولڈرز کو مذاکرات کا مشورہ اسد قیصر

 ملک کو نئے میثاقِ جمہوریت کی ضرورت : پرویزالٰہی، اسد قیصر بانی کے ذاتی معالجین اور اہل خانہ کو بلا تعطل رسائی دینے کا مطالبہ
اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ملک کو ایک نئے میثاقِ جمہوریت کی ضرورت ہے، انہوں نے قومی ڈائیلاگ اور سیاسی و معاشی بحرانوں سے نکلنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنے کا مشورہ دیا۔ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کی ایکس پر جاری پوسٹ کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے پارٹی کے مرکزی صدر چوہدری پرویزالٰہی سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، سیاسی و معاشی چیلنجز، اپوزیشن کے کردار اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ملک کو درپیش مسائل کے حل، جمہوری اقدار کے تحفظ اور سیاسی استحکام کے لیے مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔ چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ ملک کو ایک نئے میثاقِ جمہوریت کی ضرورت ہے۔ دونوں رہنما ئوں نے اتفاق کیا کہ قومی ڈائیلاگ کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنا چاہیے تاکہ ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جاسکے۔ ملاقات میں دونوں رہنما ئوں نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان کے ذاتی معالجین اور اہل خانہ کو فوری اور بلا تعطل رسائی فراہم کی جائے۔ اسد قیصر نے کہا کہ دورانِ قید طبی سہولیات کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی آئینی اور قانونی حق ہے، جبکہ چوہدری پرویزالٰہی نے کوٹ لکھپت جیل میں قید پارٹی کی سینئر قیادت کو فوری طور پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔ اسد قیصر نے ملک بھر کی جیلوں میں قید پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ ملاقات میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں، قانونی محاذ پر کوششوں اور سیاسی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنما ئوں نے آئینی و قانونی دائرے میں رہتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے دیگر رہنما ئوں اور اتحادی جماعتوں سے رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔