معاملات طے پا گئے ہیں، جلد معاہدے پر فریقین کے دستخط ہوجائیں گے:کامران ٹیسوری
گورنر سندھ نے عوامی خدمت کی مثال قائم کی جس کے مثبت نتائج نکلیں گے:خالد مقبول صدیقی
اسلام آباد(آئی این پی )گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے پارا چنار میں قیام امن کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو کردار ادا کرنا ہو گا۔اسلام آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمائوں کے ہمراہ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کرم میں ادویات اور غذائی قلت کی وجہ سے کئی معصوم بچے زندگی کی بازی ہاگئے، پاراچنار کے لوگوں کو ادویات کی فراہمی ہمارا فرض ہے، پاراچنار میں غذائی قلت کے مسئلے سے فوری نمٹنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو پاراچنار جا کر اور جرگے کے ساتھ بیٹھ کر حل کرنے کیلئے تیار تھے، ہم مشکل وقت میں وہاں کے لوگوں کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے، اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، معاملات طے پا گئے ہیں، جلد معاہدے پر فریقین کے دستخط ہوجائیں گے۔۔اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ گورنر ایک آئینی عہدہ ہے لیکن گورنر سندھ نے اس کو ایک عوامی عہدہ بنا دیا ہے، پاکستان کے تمام مذاہب کیلئے گورنر سندھ کے دروازے کھلے ہیں، گورنر سندھ نے عوامی خدمت کی ایک مثال قائم کی، عوامی خدمت کے مثبت نتائج نکلیں گے۔