ایرانی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیمیں 22 دسمبر کو پاکستان پہنچیں گی

ایرانی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیمیں 22 دسمبر کو پاکستان پہنچیں گی

اسلام آباد: ایران کی قومی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیمیں 22 سے 29 دسمبر 2026 تک پاکستان کا دورہ کریں گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو ایرانی ہاکی فیڈریشن کی جانب سے دورے کی باضابطہ تصدیق موصول ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی مردوں اور خواتین کی ہاکی ٹیمیں ایک ہفتے کے دورے پر اسلام آباد آئیں گی، جہاں وہ پاکستانی ٹیموں کے ساتھ مشترکہ تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گی۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کی ٹیموں کے مابین پریکٹس میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ان سرگرمیوں کا مقصد دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کا تجربہ فراہم کرنا، کھیل کی تکنیکی مہارتوں کا تبادلہ اور آئندہ مقابلوں کے لیے تیاریوں کو بہتر بنانا ہے۔ مشترکہ ٹریننگ اور پریکٹس میچز کے ذریعے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کے کھیل، حکمت عملی اور انداز کو سمجھنے کا موقع بھی ملے گا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ایرانی ٹیموں کا یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان کھیلوں کے روابط کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔ اس سے پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کے فروغ اور قومی کھلاڑیوں کو غیر ملکی ٹیموں کے ساتھ کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے ایرانی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیموں کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسلام آباد میں ان کی میزبانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے بین الاقوامی دورے فیڈریشن کی حکمت عملی کا حصہ ہیں، جن کا مقصد ملک میں باقاعدہ بین الاقوامی ہاکی کو فروغ دینا، علاقائی سطح پر کھیلوں کے تعاون کو مضبوط بنانا اور پاکستانی کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مسابقتی مواقع فراہم کرنا ہے۔