سہ ملکی سیریز میں شرکت کے لیے نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیمیں 4 اور 5 فروری کو لاہور پہنچیں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے اسکواڈ کے انتخاب پر مشاورت مکمل کر لی ہے، اور قومی ٹیم کے اعلان کی حتمی منظوری پی سی بی کے سربراہ کی جانب سے دی جائے گی۔یہ سیریز آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی سے قبل اہم تیاریوں کا حصہ بنے گی، اور اس سے پاکستان کی ٹیم کو ایونٹ کی تیاریوں میں معاونت ملے گی۔ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کی لاہور آمد کے بعد 5 فروری کو انہیں آرام کا دن دیا جائے گا، جبکہ 6 اور 7 فروری کو پریکٹس ڈے رکھے جائیں گے۔سیریز کا آغاز 8 فروری سے ہوگا، جس میں قذافی اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے مابین میچز کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد تینوں ٹیمیں 11 فروری کو کراچی روانہ ہوں گی، جہاں 13 اور 15 فروری کو مزید میچز پلان کیے گئے ہیں۔چیمپئینز ٹرافی کے آغاز سے قبل کیپٹنز میٹ اور افتتاحی تقریب کے بارے میں باضابطہ اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا، تاہم ایونٹ کا پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو شیڈول ہے۔