روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیمیں رواں ماہ لندن میں ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان دو اہم میچز 23 اور 26 جون کو کھیلے جائیں گے۔
ان مقابلوں کے لیے ٹکٹوں کی فروخت بھی جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق پروہاکی لیگ کے شیڈول کے تحت پاکستان ہاکی ٹیم کی تیاریوں کا کیمپ اس وقت لاہور میں جاری ہے۔ ٹیم 9 جون کو بیلجیم کے دورے پر روانہ ہوگی جہاں وہ اہم میچز کھیلے گی۔شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم 13 جون کو بیلجیم اور 14 جون کو اسپین کے خلاف میدان میں اترے گی۔ اس کے بعد 19 اور 20 جون کو دوبارہ انہی ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے جائیں گے۔ ابتدائی شیڈول میں تبدیلی کے باعث یہ مقابلے پہلے 16 اور 17 جون کو طے تھے۔بیلجیم میں میچز مکمل کرنے کے بعد قومی ٹیم 21 جون کو لندن پہنچے گی جہاں پروہاکی لیگ کے اہم راؤنڈز کھیلے جائیں گے۔ اس مرحلے میں پاکستان 23 جون کو روایتی حریف بھارت کا سامنا کرے گا جبکہ 24 جون کو انگلینڈ کے خلاف میچ ہوگا۔
مزید یہ کہ پاکستان اور بھارت 26 جون کو ایک بار پھر مدمقابل ہوں گے، جبکہ 27 جون کو پاکستان اپنا آخری لیگ میچ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔تاہم اب تک صورتحال پاکستان ٹیم کے لیے مشکل رہی ہے، کیونکہ لیگ میں کھیلے گئے تمام آٹھ میچز میں ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے موجود ہے۔لیگ کے قواعد کے مطابق 9 ٹیموں پر مشتمل اس ایونٹ میں سب سے نیچے آنے والی ٹیم کو اگلے سیزن سے باہر کیا جا سکتا ہے، جس کے باعث پاکستان ٹیم کے لیے آنے والے میچز انتہائی اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔