ویمنز ایشیا کپ: آج پاکستان اور بھارت کی خواتین ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی

ویمنز ایشیا کپ: آج پاکستان اور بھارت کی خواتین ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ہفتے کی شام دبئی میں اہم مقابلے کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔

بھارت اپنے ابتدائی دونوں میچز جیت کر پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکا ہے، جبکہ پاکستان نے اب تک ایک میچ کھیلا ہے۔پاکستان کے لیے بھارت کے خلاف میچ کا نتیجہ کچھ بھی ہو، ہانگ کانگ کے خلاف آخری گروپ میچ باقی ہونے کے باعث قومی ٹیم کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے کے امکانات روشن ہیں۔دونوں ٹیموں کے لیے اس میچ میں بیٹنگ خاص توجہ کا مرکز ہوگی۔ بھارت نے اپنے ابتدائی دونوں میچز میں بڑے اسکور کیے، تاہم مڈل آرڈر کی کارکردگی تشویش کا باعث رہی ہے۔ تھائی لینڈ کے خلاف مضبوط اوپننگ کے باوجود بھارتی ٹیم نے 46 رنز کے عوض 8 وکٹیں گنوائیں۔

سمریتی مندھانا 143 رنز کے ساتھ بھارت کی سب سے کامیاب بیٹر ہیں، جبکہ شفالی ورما نے 92 رنز بنائے ہیں۔دوسری جانب پاکستان کو بھی تھائی لینڈ کے خلاف بیٹنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم شوال ذوالفقار اور منیبہ علی نے حالیہ دورۂ سری لنکا میں جارحانہ بیٹنگ کی جھلک دکھائی تھی۔اگر پاکستان اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کھیلنے میں کامیاب رہا تو قومی ٹیم ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف اپنی صرف دوسری ٹی ٹوئنٹی فتح حاصل کرسکتی ہے۔