انڈونیشیا: غیر قانونی سونے کی کان میں سیلاب، 13 کان کن ہلاک، 13 تاحال زیرِ زمین پھنسے ہوئے

انڈونیشیا: غیر قانونی سونے کی کان میں سیلاب، 13 کان کن ہلاک، 13 تاحال زیرِ زمین پھنسے ہوئے

جکارتہ: انڈونیشیا کے صوبے مغربی جاوا میں شدید بارشوں کے باعث غیر قانونی سونے کی کان میں سیلاب داخل ہونے سے بڑا حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 13 کان کن ہلاک جبکہ مزید 13 افراد زیرِ زمین پھنس گئے۔

 لاپتا کان کنوں کی تلاش اور انہیں بحفاظت باہر نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق افسوسناک واقعہ 23 نومبر کو انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کے جنوب میں واقع ضلع بوگور کے علاقے پونگکور میں پیش آیا، جہاں مسلسل اور شدید بارشوں کے باعث دریائے سیسیورہ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی اور دریا کا پانی قریبی غیر قانونی سونے کی کان میں داخل ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق حادثے کے وقت مجموعی طور پر 26 کان کن تقریباً 100 میٹر گہری زیرِ زمین سرنگوں میں کام کر رہے تھے۔ اچانک پانی داخل ہونے سے کان کے اندر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے باعث کان کنوں کو باہر نکلنے کا موقع نہ مل سکا۔حکام کے مطابق 26 میں سے 11 کان کن اپنی جان بچانے میں کامیاب ہو کر کان سے باہر نکل آئے، تاہم باقی 15 افراد زیرِ زمین پھنس گئے۔ بعد ازاں 13 کان کنوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید 13 افراد کی تلاش جاری ہے۔

امدادی اداروں کے مطابق ریسکیو ٹیمیں دو مختلف سرنگوں میں پھنسے کان کنوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ تاہم زیرِ زمین سرنگوں میں پانی جمع ہونے، تنگ راستوں، تاریکی اور پھسلن کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ریسکیو اہلکار احتیاط کے ساتھ سرنگوں میں داخل ہو کر پانی نکالنے اور پھنسے ہوئے افراد تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکام کو خدشہ ہے کہ مسلسل بارش اور زیرِ زمین پانی کی موجودگی کے باعث امدادی آپریشن مزید پیچیدہ ہو سکتا ہے۔دوسری جانب حادثے کے بعد غیر قانونی کان کنی کے خطرات ایک بار پھر نمایاں ہو گئے ہیں۔ غیر قانونی کانوں میں حفاظتی انتظامات کی کمی، غیر محفوظ سرنگیں اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے مناسب اقدامات نہ ہونے کے باعث کان کنوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق رہتے ہیں۔