گنگا رام ہسپتال کے کینٹین ملازم کی لاش سیوریج لائن سے برآمد

گنگا رام ہسپتال کے کینٹین ملازم کی لاش سیوریج لائن سے برآمد

لاہور: گنگا رام ہسپتال کی سیوریج لائن سے 27 سالہ ملازم کی لاش ملنے کے افسوسناک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی، فوٹیج میں جاں بحق ہونے والے ملازم انعام اللہ کو آخری بار موبائل فون پر بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انعام اللہ گنگا رام ہسپتال کی کینٹین میں ملازم تھا۔ واقعے کے حوالے سے سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انعام اللہ ہسپتال کی ویسٹ میٹریل ڈمپنگ سائٹ کے قریب موجود تھا اور موبائل فون پر کسی سے بات کر رہا تھا۔فوٹیج کے مطابق فون پر بات کرتے ہوئے انعام اللہ لکڑی کے تختے سے ڈھکی ڈمپنگ سائٹ میں جا گرا۔ واقعے کے بعد اس کا کوئی سراغ نہ مل سکا، تاہم بعد ازاں ہسپتال کی سیوریج لائن سے اس کی لاش برآمد ہوئی۔واقعے نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد واقعے کی تفصیلات بھی سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔ ابتدائی طور پر سامنے آنے والی ویڈیو میں ملازم کے ڈمپنگ سائٹ میں گرنے کا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ انعام اللہ کے اغوا کا مقدمہ تھانہ سول لائنز میں درج تھا، جس کے باعث واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔