لاہور: گنگا رام ہسپتال کی کینٹین کے قریب سیوریج لائن سے 27 سالہ نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
مقتول کی شناخت انعام اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اس کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرلیے۔ریسکیو حکام کے مطابق نوجوان کی لاش ہسپتال کی کینٹین کے قریب سیوریج لائن سے ملی۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ موت کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔
پانچ روز قبل اغوا کا مقدمہ درج ہوا تھا
پولیس کے مطابق مقتول انعام اللہ کے اغوا کا مقدمہ پانچ روز قبل سول لائنز تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ لاش ملنے کے بعد کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور مختلف شواہد جمع کیے۔ابتدائی تحقیقات میں گنگا رام ہسپتال کی کھلی سیوریج لائن کو بھی واقعے کے ممکنہ پہلوؤں میں شامل کیا گیا ہے، تاہم پولیس قتل سمیت تمام پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔
کھلی سیوریج لائن پر سیکیورٹی سوالات
پولیس حکام کے مطابق ہسپتال کے قریب سیوریج لائن کھلی ہونے کے باوجود وہاں لوگوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے۔ واقعے کے بعد اس مقام کی صورتحال اور حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔