لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زیرِ حراست ملزم ہلاک ہو گیا، پولیس کے مطابق ملزم اپنے ہی مسلح ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق سی سی ڈی ٹیم زیرِ حراست ملزم ودود کو ریکوری کے لیے لے جا رہی تھی کہ اسی دوران راستے میں ملزم کے مسلح ساتھیوں نے پولیس ٹیم پر حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران زیرِ حراست ملزم ودود اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گیا اور موقع پر ہلاک ہو گیا، جبکہ ملزم کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی لاش قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جبکہ پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر کارروائی شروع کر دی ہے۔پولیس کے دعوے کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم ودود قتل سمیت دیگر سنگین جرائم کی دو درجن سے زائد وارداتوں میں ملوث تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف درج مقدمات اور اس کے مبینہ جرائم کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جا رہا ہے۔