اسلام آباد (یواین پی) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی کو تاریخی خلائی مشن پر روانگی پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے اسے پاکستان کی تاریخ کا یادگار لمحہ اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ محمد ذیشان علی کو خلا کی جانب روانہ ہوتے دیکھنا پاکستان کے لیے تاریخی لمحہ ہے، یہ کامیابی انفرادی اعزاز کے ساتھ ساتھ 25 کروڑ پاکستانی عوام کے لیے فخر اور قومی عزم کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پہلے خلاباز قوم کے خوابوں اور امیدوں کو خلا کی بلندیوں تک لے جا رہے ہیں اور ان کے کندھوں پر قومی پرچم کے ساتھ پوری قوم کی توقعات وابستہ ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے تاریخی مشن کی کامیابی میں کردار ادا کرنے والے انجینئرز، سائنس دانوں، ماہرین اور متعلقہ ٹیموں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی پیشہ ورانہ مہارت، محنت اور سائنسی عزم کا ثبوت ہے