اساتذہ قوموں کی تعمیر و ترقی کے حقیقی معمار ہیں‘عالمی دن پر اساتذہ کو خراج تحسین پیش:چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد(آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خصوصی پیغام میں اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ قوموں کی تعمیر و ترقی کے حقیقی معمار ہیں۔ ان کی محنت، علم اور رہنمائی سے ہی معاشروں کی فکری و اخلاقی بنیادیں مضبوط ہوتی ہیں اور قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اسلام دینِ علم و شعور ہے جس میں تعلیم حاصل کرنے اور اساتذہ کے احترام پر غیر معمولی زور دیا گیا ہے۔ اساتذہ علم کے چراغ سے انسانیت کی راہوں کو منور کرتے ہیں، جہالت کے اندھیروں کو مٹاتے ہیں، اور نئی نسل کے ذہنوں میں شعور، برداشت، احترام اور خدمتِ انسانیت کے جذبات پیدا کرتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اساتذہ نہ صرف درس و تدریس کا فریضہ انجام دیتے ہیں بلکہ وہ کردار سازی اور اقدار کے فروغ کے محافظ بھی ہیں۔ ایک اچھا استاد صرف علم نہیں دیتا بلکہ طالبعلم کے دل و دماغ میں روشنی، امید اور راست فکری پیدا کرتا ہے۔ آج ہماری کامیابیاں، اداروں کی مضبوطی، اور قومی ترقی کے ہر سنگِ میل کے پیچھے کسی استاد کی رہنمائی، دعا اور محنت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی عزت و تکریم ہر مہذب معاشرے کی پہچان ہوتی ہے۔ جس قوم نے اپنے اساتذہ کو مقام و مرتبہ دیا، وہی قوم دنیا میں علم، تحقیق اور ترقی کے میدانوں میں نمایاں ہوئی۔ ہمیں بطور قوم اساتذہ کے احترام کو اپنی سماجی اور تعلیمی پالیسیوں کا بنیادی جزو بنانا ہوگا