نیزہ بازی اور گھڑ سواری ہماری قدیم روایات کا حصہ ہیں :سید یوسف رضا گیلانی

 گھڑ سواری محض مقابلے کا نام نہیں بلکہ یہ نظم و ضبط، صبر اور ہم آہنگی کا درس دیتا ہے: چیئرمین سینیٹ
 اٹک/اسلام آباد(آئی این پی) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مدروٹہ ضلع اٹک میں منعقدہ گھڑ سواری چیمپئن شپ کی تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدروٹہ ایک ایسی سرزمین ہے جو اپنی شاندار تاریخ، بہادر لوگوں اور گھڑ سواری کی قدیم و دلکش روایات سے گہری وابستگی کے لیے جانی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی کھیل کسی بھی خطے کی ثقافت، روایات اور طرزِ زندگی کے مظہر ہوتے ہیں۔ یہ کھیل صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ تہذیبی شناخت کے امین بھی ہیں۔ پاکستان اور اس خطے کو کھیلوں کے حوالے سے ایک منفرد مقام حاصل ہے اور گھڑ سواری ان کھیلوں میں ایک خاص اہمیت رکھتی ہے جو ہماری تہذیب اور پہچان کی آئینہ دار ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مدروٹہ شو محض ایک کھیلوں کا مقابلہ نہیں بلکہ پاکستان کے گھڑ سواری کے ورثے اور جوش و جذبے کا شاندار جشن ہے۔ گھڑ سواروں کی بہادری، مہارت اور روایات پورے ملک میں فخر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں  تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، رکن قومی اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی،رکن قومی اسمبلی عبد المجید نیازی، سابق وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، پیر سید قطب علی شاہ المعروف سائیں بابا اور ملک بھر سے اہم شخصیات موجود تھیں۔