اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے پاکستانی پائلٹ محمد ذیشان علی کو چین کے تعاون سے خلائی مشن میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے آج کے دن کو پاکستان کی تاریخ کا ایک یادگار اور تاریخی دن قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے پوری قوم کو اس عظیم سنگِ میل پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی سرپرستی میں ملک آج ہر شعبے میں بھرپور کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔انہوں نے پائلٹ محمد ذیشان علی کی اس تاریخی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ خلائی مشن پاکستانی تحقیق کو براہِ راست خلا تک لے جائے گا، جس سے ملک میں سائنسی تحقیق کے نئے در وا ہوں گے۔ شزہ فاطمہ خواجہ کا مزید کہنا تھا کہ اس اہم کامیابی سے خلائی ٹیکنالوجی کے ڈیزائن اور تیاری کے شعبوں میں بھی پاکستان کے کردار اور صلاحیتوں کو نمایاں وسعت ملے گی